اپریل کے آخر سے جولائی تک شدید گرمی کی لہر کا امکان،ہیٹ ویو الرٹ جاری

لاہور ملک میں گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر محکمہ صحت نے ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کر دی۔ایڈوائزری کے مطابق اپریل سے جولائی کے دوران پاکستان میں شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے، ڈی ایچ او نے ہیٹ ویو سے بچا ؤکیلئے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر دی۔ڈی ایچ او کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث ہیٹ سٹروک کے خدشات بڑھ جاتے ہیں، ہیٹ سٹروک سے جسم کا درجہ حرارت 10 سے 15 منٹ میں 106فارن ہائیٹ تک پہنچ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہیٹ سٹروک موت یا مستقل معذوری کا باعث بھی بن سکتا ہے، چکر آنا، سردرد، تیز بخار،جسم ٹھنڈا ہو جانا ہیٹ سٹروک کی علامات ہیں۔ڈی ایچ او نے کہا کہ ایتھلیٹس اور باہر کام کرنیوالے افراد ہیٹ ویو کا شکار ہو سکتے ہیں، بلاضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں، ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں، پانی زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک، جنوبی علاقوں میں شدید گرمی کا امکان ہے، سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت معمول سے 6سے 8ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ دارالحکومت اسلا م آباد اور اس کے گرد و نواح میں منگل کو درجہ حرارت معمول سے 4سے 6ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔بالائی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 4سے 6ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہے گا، کے پی کے جنوبی اضلاع میں بعد از دوپہر تیز ہواؤں کی توقع ہے، اور درجہ حرارت 4سے 6ڈگری زائد رہے گا۔