بھارتی ٹیم کی نئی جرسی پر “پاکستان” کا نام شامل ہونے پر انتہا پسند حلقوں میں شدید غصہ

چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کی نئی جرسی پر میزبان ملک “پاکستان” کا نام شامل ہونے پر انتہا پسند حلقوں میں شدید غصے کا اظہار کیا گیا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا تھا اور ان کے میچز دبئی میں نیوٹرل وینیو پر منتقل کروائے تھے۔ تاہم، آئی سی سی کے قوانین کے مطابق، میزبان ملک کا نام تمام ٹیموں کی جرسی پر شامل کرنا لازمی تھا۔
جرسی کی رونمائی کے دوران بھارتی کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی، رویندرا جدیجا، ہاردک پانڈیا سمیت دیگر کھلاڑیوں کو نئی یونیفارم میں دیکھا گیا، جس پر چیمپئنز ٹرافی 2025 کا لوگو اور میزبان ملک “پاکستان” کا نام نمایاں تھا۔
یہ منظر دیکھ کر بھارتی انتہا پسندوں نے شدید ردعمل دیا اور سوشل میڈیا پر اس کے خلاف مہم شروع کر دی۔ ابتدائی طور پر BCCI نے بھی اس فیصلے کی مخالفت کی، لیکن آئی سی سی کے سخت مؤقف کے باعث بھارتی ٹیم کو قوانین پر عمل کرنا پڑا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ بھارتی میڈیا نے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی ٹیم اپنی جرسی پر میزبان ملک کا نام پرنٹ نہیں کرے گی، لیکن آئی سی سی کی سخت ہدایات کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے تصدیق کر دی کہ ان کی ٹیم مقررہ قوانین کی پاسداری کرے گی۔
بھارتی انتہا پسندوں کے غصے کے باوجود، آئی سی سی قوانین کے مطابق چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شامل تمام ٹیموں کی جرسی پر میزبان ملک “پاکستان” کا نام واضح طور پر درج ہوگا۔