جنوبی کوریا میں چینی اے آئی ایپ ڈیپ سیک پر پابندی، ڈاؤن لوڈ معطل

جنوبی کوریا کے ڈیٹا پروٹیکشن ادارے نے پیر کے روز اعلان کیا کہ چینی مصنوعی ذہانت (AI) ایپ ڈیپ سیک کی نئی ڈاؤن لوڈنگ ملک میں روک دی گئی ہے۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب کمپنی نے تسلیم کیا کہ وہ صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ سے متعلق کچھ ضوابط پر پوری طرح عمل نہیں کر سکی۔
پرسنل انفارمیشن پروٹیکشن کمیشن (PIPC) کے مطابق، ایپ کی سروس اس وقت بحال کی جائے گی جب ڈیٹا پرائیویسی قوانین کے مطابق ضروری اصلاحات مکمل کر لی جائیں گی۔ ہفتے سے نافذ ہونے والے اس فیصلے کے تحت ایپ کو نئے صارفین کے لیے بلاک کر دیا گیا ہے، تاہم اس کا ویب ورژن اب بھی ملک میں دستیاب ہے۔
چینی اسٹارٹ اپ نے گزشتہ ہفتے جنوبی کوریا میں قانونی نمائندے مقرر کیے اور تسلیم کیا کہ اس نے ملک کے ڈیٹا پروٹیکشن قوانین پر مکمل عمل نہیں کیا، PIPC نے اپنی بریفنگ میں بتایا۔
اس سے قبل اٹلی کے ڈیٹا پروٹیکشن ادارے نے بھی ڈیپ سیک کے پرائیویسی پالیسی مسائل پر کارروائی کرتے ہوئے ملک میں اس کے چیٹ بوٹ کی سروس معطل کرنے کا حکم دیا تھا۔
ڈیپ سیک نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
ادھر، جب جنوبی کوریا میں ڈیپ سیک پر عائد پابندی کے بارے میں چینی حکومت سے سوال کیا گیا تو چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے 6 فروری کو ایک بریفنگ میں کہا کہ بیجنگ ڈیٹا پرائیویسی اور سیکیورٹی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور اس کی حفاظت ملکی قوانین کے مطابق کی جاتی ہے۔
ترجمان نے مزید وضاحت کی کہ چین کسی بھی کمپنی یا فرد کو غیر قانونی طور پر ڈیٹا اکٹھا کرنے یا ذخیرہ کرنے کے لیے مجبور نہیں کرتا۔