پرویز خٹک کی پی ٹی آئی پر کڑی تنقید: عوام جان چکے ہیں کہ یہ نظام نہیں بدل سکتی

سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اب سمجھ چکے ہیں کہ یہ جماعت ملک کے نظام میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں لا سکتی۔
نوشہرہ میں سماء ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے، سابق پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک نے افسوس کا اظہار کیا کہ ان کی جانب سے صوبے کی ترقی کے لیے بنایا گیا نظام پی ٹی آئی نے ختم کر دیا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے سوال کیا کہ ان کی پانچ سالہ محنت کو کیوں ضائع کر دیا گیا؟
پرویز خٹک نے خیبر پختونخوا کی موجودہ حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ وہ صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے۔ انہوں نے پولیس اصلاحات میں رکاوٹ، کرپشن میں اضافے، اور اسپتالوں میں سہولیات کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبے میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کا بھی ذکر کیا۔
اپنی تنقید کے باوجود، پرویز خٹک نے خواہش ظاہر کی کہ پی ٹی آئی کی حکومت اپنی مدت مکمل کرے تاکہ عوام خود دیکھ سکیں کہ اس جماعت نے خیبر پختونخوا میں کیا کارکردگی دکھائی ہے۔