حمزہ علی عباسی کی نکاح خوانی، سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی

پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی، جو پیارے افضل، من مائل، الف جیسے مشہور ڈراموں اور جوانی پھر نہیں آنی اور دی لیجنڈ آف مولا جٹ جیسی کامیاب فلموں میں اپنی شاندار اداکاری سے پہچانے جاتے ہیں، اس بار ایک منفرد وجہ سے خبروں میں ہیں۔
حال ہی میں ایک ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں حمزہ علی عباسی ایک شادی کی تقریب میں نکاح پڑھاتے نظر آئے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکار نے نکاح کے تمام مراحل مکمل کیے اور دولہا کی جانب سے حق مہر کا اعلان بھی کیا۔ یہ ویڈیو بنتی خالد فوٹوگرافی کے پیج پر شیئر کی گئی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے دلچسپ تبصرے آنے لگے۔
مداحوں کی رائے اس معاملے پر تقسیم ہو گئی۔ کچھ نے انہیں مزاحیہ انداز میں مولانا حمزہ علی عباسی کا لقب دے دیا، جبکہ کچھ نے ان کے اس عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ مذہبی فرائض خود انجام دینا ایک مثبت عمل ہے۔ تاہم، بعض ناقدین کا کہنا تھا کہ اداکاروں کو نکاح جیسے حساس مذہبی امور انجام نہیں دینے چاہئیں، کیونکہ یہ ایک باقاعدہ علمی مہارت کا متقاضی عمل ہے۔
ایک صارف نے دلچسپ تبصرہ کیا: “اتنا خوبصورت مولوی! میرا نکاح بھی آپ ہی پڑھا دیں!” ویڈیو پر ہونے والی اس بحث نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے کہ آیا مشہور شخصیات کو مذہبی امور سرانجام دینے چاہئیں یا یہ کام ماہرین کے لیے چھوڑ دینا بہتر ہے؟