لندن میں سائم ایوب کے ساتھ مداح کا نامناسب رویہ، ویڈیو وائرل

پاکستان کے ابھرتے ہوئے کرکٹر سائم ایوب، جو پی ایس ایل اور قومی ٹیم میں اپنی شاندار کارکردگی کے باعث مشہور ہوئے، ان دنوں لندن میں فنڈ ریزنگ ایونٹس میں شرکت کر رہے ہیں۔ تاہم، ایک حالیہ واقعہ نے انہیں سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنا دیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون مداح سائم ایوب سے تصویر کھنچوانے کی ضد کر رہی ہے۔ وہ اپنے دوستوں کو ہدایت دیتی ہے کہ وہ مکمل تصویر بنائیں۔ سائم ایوب اس صورتحال میں واضح طور پر بے چینی محسوس کرتے ہیں اور آخرکار مقام چھوڑ دیتے ہیں۔ خاتون مداح ناراض ہو کر کہتی ہیں کہ ’’صرف دو منٹ رکنے سے کچھ نہیں ہوتا‘‘ اور پھر اپنے دوستوں سے ان کے رویے کو “بدتمیزی” قرار دیتی ہے۔

یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شائقین نے خاتون کے رویے کی شدید مذمت کی۔ بہت سے لوگوں نے سائم کی شائستگی اور صبر کی تعریف کی۔ ایک فیس بک صارف نے لکھا، ’’سائم کے والدین نے انہیں بہت اچھے طریقے سے تربیت دی ہے، وہ اس عورت کو برا بھلا کہہ سکتے تھے، لیکن انہوں نے اپنے اچھے اخلاق کا مظاہرہ کیا۔‘‘ ایک اور صارف نے کہا، ’’ہمارے قومی کھلاڑی کے ساتھ ایسا سلوک ناقابل قبول ہے، اس خاتون کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔‘‘ کئی مداحوں نے سائم کے لیے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’’معصوم‘‘ ہیں اور خاتون کو سلیقے اور آداب سیکھنے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں