ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کے ممکنہ اشتراک کی افواہیں زور پکڑ گئیں

پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر اور بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ سرحدوں کے پار بے حد مقبول ہیں۔ ہانیہ کو بھارت میں بے شمار مداح پسند کرتے ہیں، جبکہ دلجیت پاکستان میں بے حد مقبول ہیں۔ حال ہی میں برطانیہ میں دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ میں ہانیہ عامر کی شرکت اور ان کا اسٹیج پر مدعو کیا جانا سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ اس لمحے نے مداحوں میں جوش و خروش پیدا کردیا، اور کئی لوگ دونوں فنکاروں کے ممکنہ اشتراک کے بارے میں قیاس آرائیاں کرنے لگے۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، ریڈٹ پر گردش کرنے والی خبروں میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کسی میوزک ویڈیو یا فلم میں ایک ساتھ کام کرنے جا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے مشاہدہ کیا کہ دونوں فنکار ایڈنبرا، لندن میں موجود ہیں اور ایک ہی مقام سے اسٹوریز شیئر کر رہے ہیں، جس کے بعد ان کے نئے پراجیکٹ سے متعلق قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔
دوسری جانب، دلجیت دوسانجھ نے حال ہی میں یوٹیوبر معین زبیر کو دیے گئے انٹرویو میں پاکستانی مداحوں کے لیے ایک خاص سرپرائز کا عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا، ’’میں پاکستان ضرور آؤں گا، آپ کو جلد ایک اور حیرت انگیز خبر ملے گی۔ ابھی تفصیلات نہیں بتا سکتا، لیکن آپ کو جلد سرپرائز دوں گا۔‘‘ ان کے اس بیان کے بعد چہ مگوئیاں مزید بڑھ گئی ہیں کہ آیا ہانیہ عامر بھی اس سرپرائز کا حصہ ہیں یا نہیں۔